جنوبی لبنان میں اسرائیل کی زمینی فوجی کارروائی شروع کرنے سے کشیدگی اور بڑھ گئی ہے۔ اسرائیل کی دفاعی افواج IDF نے یہ کہہ کر کہ شمال میں اسرائیلی شہریوں کو فوری خطرہ درپیش ہے، سرحد کے نزدیک مخصوص اور محدود کارروائی شروع کی ہے۔ اسرائیل کے فوجیوں کو اِس طرح کی کارروائی کیلئے کئی مہینے سے تربیت دی جارہی تھی۔ اسرائیل کی زمینی افواج کو، جو علاقے میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، فضائیہ اور توپ خانے کی بھی مدد حاصل ہے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ کئی محاذوں پر لڑائی پھیل گئی ہے۔ اسرائیل نے وہاں رہنے والوں سے چلے جانے کو کہا تھا، جس کے بعد اُس نے بیروت کے مضافاتی جنوبی علاقوں میں مزید ہوائی حملے کئے ہیں اور مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ لبنان کی وزارتِ صحت نے خبر دی ہے کہ صرف پیر کو ہی لبنان پر حملوں میں کم سے کم 95 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اِس کے علاوہ اسرائیل اور حماس دونوں نے ہی لبنان میں حماس کے سربراہ فتح شریف ابوالامین کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف حزب اللہ کے کارندوں کے ساتھ مل کر لبنان میں حماس کی سرگرمیوں میں تال میل کیا کرتا تھا۔ جنوبی لبنان میں اسرائیل کی کارروائی کے دوران فتح شریف ابوالامین مارا گیا ہے۔
Site Admin | October 1, 2024 3:09 PM