ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اِس کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ اِس سے بھارتی آئین میں لوگوں کے اعتماد کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں وکشمیر سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے جانے اور سرحد پار سے دراندازی کو بالکل برداشت نہ کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ وہ آج سری نگر میں متحدہ ہیڈکوارٹرز کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ جناب امت شاہ نے مجموعی سکیورٹی صورتحال اور موجودہ ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر کے راج بھون میں اعلیٰ سطح کی دو میٹنگوں کی صدارت کی۔
اِن میٹنگوں کا مقصد جموں و کشمیر کے لیے مرکزی سرکار کے ترقیاتی ایجنڈے کے تحت کلیدی بنیادی ڈھانچے اور فلاحی اقدامات کی پیش رفت کا برسر موقع جائزہ لینا تھا۔
متحدہ ہیڈکواٹرز کی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر Tapan Deka، فوج کے سربراہ، جنرل اوپیندر دیویدی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہمراہ جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور بنیادی ڈھانچے کے کلیدی اقدامات سے متعلق جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔ جناب امت شاہ جموں و کشمیر کے تین دن کے دورے پر گئے ہوئے ہیں۔