مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے دو مرحلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد سبھی کی نگاہیں کَل ہونے والے تیسرے اور آخری مرحلے پر ہیں۔18 اور 25 ستمبر کو پہلے دو مرحلوں میں بالترتیب 61 اعشاریہ تین آٹھ اور 57 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ تمام مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی آٹھ اکتوبر کو ہوگی۔
پولنگ کی تاریخ نزدیک آنے کے ساتھ ہی ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم میں تیزی آگئی ہے۔ ریاست میں 90 اسمبلی سیٹوں کیلئے ووٹنگ پانچ اکتوبر کو ہوگی۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما اپنے پارٹی امیدواروں کیلئے حمایت حاصل کرنے کی خاطر مختلف ریلیاں اور روڈ شوز کررہے ہیں۔
سابق مرکزی وزیر اور سینئر BJP لیڈر اسمرتی ایرانی نے آج روہتک میں صحافیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکمرانی کے دوران آئین میں سب سے زیادہ ترامیم کی گئیں۔ انہوں نے ریاست کی موجودہ حکومت کو کسان دوست قرار دیا اور کہا کہ پچھلے 10 برسوں کے دوران ہریانہ کے کسانوں کو معاوضے کے طور پر 12 ہزار 500 کروڑ روپے دیئے گئے۔
سینئر BJP لیڈر اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے جِند میں ایک ریلی کی۔ انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ریاست نے تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت مختلف سیکٹروں میں ایمانداری سے اور موثر کام کیا ہے۔ جناب دھامی نے، ملک بھر میں بے مثال حصولیابیوں کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کو دیا اور کانگریس پارٹی کی، اِس بات کیلئے نکتہ چینی کی کہ اُس کی توجہ کنبہ پروری کی سیاست پر مرکوز ہے۔
سینئر BJP لیڈر اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی بھیوانی اور پنچ کولہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اور دفعہ 370 کی منسوخی کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں BJP کی تاریخی حصولیابیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے ملک کو آگے لے جانے میں BJP کے بے مثال رول پر زور دیا اور کانگریس پارٹی کے دہشت گردی پر، اُس کے کمزور نظریے کی نکتہ چینی کی اور انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک کی سلامتی اُس کیلئے کبھی بھی ترجیح نہیں رہی ہے۔
دوسری جانب سینئر کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے انبالہ اور کروکشیتر میں ریلیوں سے خطاب کیا۔ جناب گاندھی نے ریاست میں بے روزگاری، اَگنی ویر اور کسانوں کے معاملے پر BJP حکومت کو نشانہ بنایا۔ محترمہ گاندھی نے بے روزگاری کے معاملے پر پارٹی کی نکتہ چینی بھی کی۔
اِس دوران جَن نائک جنتا پارٹی اور آزاد سماج پارٹی اتحاد نے Prithla اسمبلی حلقے سے آزاد امیدوار کے طور پر دیپک Dagar کے نام کا اعلان کیا ہے۔ آج جِند میں آزاد سماج پارٹی کے لیڈر اور ممبرِ پارلیمنٹ چندر شیکھر اور جَن نائک جنتا پارٹی کے لیڈر دُشیَنت چوٹالہ نے یہ اعلان کیا ہے۔
Site Admin | September 30, 2024 9:44 PM