جموں وکشمیر پولیس نے دہشت گردوں کے 9 ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے، جو جموں ڈویژن کے سانبا-کٹھوعہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد سے دراندازی کرکے بھارتی علاقے میں آنے والے پاکستانی دہشت گردوں کی مدد کررہے تھے اور اُنہیں اودھم پور، کھٹوعہ اور ڈوڈہ ضلعے کے پہاڑی علاقوں میں پہنچا رہے تھے۔ اِسے ایک بڑی کامیابی مانا جارہا ہے۔
اِس گروہ کے سرغنہ کی شناخت ہوگئی ہے۔ اُس کا نام محمد لطیف عرف حاجی لطیف بتایا گیا ہے۔ وہ کٹھوعہ کے Ambe Naal کا باشندہ ہے۔ وہ پاکستان سے دہشت گردوں کی دراندازی کے بعد اُنہیں کچے مکانوں میں پناہ لینے میں مدد کرتا تھا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے معاملے میں پہاڑی علاقوں میں کچے مکان میں رہنے والے 50 افراد کے خلاف پولیس نے چھان بین کی، جو وہاں اپنے مویشیوں کو چَرانے کیلئے لاتے تھے۔ یہ لوگ غیرملکی دہشت گردوں کو کھانا، رہنے کی جگہ یا مواصلاتی مدد فراہم کرتے تھے۔ اِن میں سے کچھ لوگوں نے دہشت گردوں سے رقم بھی لی تھی۔ جن لوگوں نے بروقت پولیس کو مطلع کیا، انہیں بے قصور مانا جارہا ہے۔