جموں و کشمیر میں، اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم آج شام ختم ہوجائے گی۔ اِس مرحلے کے تحت پانچ ضلعوں پر محیط 26 اسمبلی حلقوں میں اس ماہ کی 25 تاریخ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جن پانچ ضلعوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے، ان میں جموں خطے میں ریاسی، راجوری، اور پونچھ اور کشمیر وادی میں سری نگر اور بڈگام شامل ہیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں کرائے جا رہے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی آٹھ اکتوبر کو کی جائے گی۔
اس دوران دوسرے اور تیسرے مرحلے کے چناؤ کے لئے سیاسی پارٹیوں نے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ تیسرے مرحلے کے لئے پہلی اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کے لئے ریلیاں اور روڈ شو کررہے ہیں۔
دوسری جانب آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی آج جموں وکشمیر میں پُنچھ اور سری نگر میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔ جناب راہل گاندھی کی پہلی چناؤ ریلی سرحدی ضلع پُنچھ کے Surankote قصبے میں ہورہی ہے۔ کانگریس-نیشنل کانفرنس اتحاد کے امیدوار اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری شاہنواز چودھری کی حمایت میں یہ ریلی ہورہی ہے۔
بعد میں وہ سری نگر کے وسطی Sheltang بٹ مالو اسمبلی حلقے میں زیناکوٹ کے مقام پر جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور اتحاد کے امیدوار طارق حمید کارا کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔
اِدھر امید ہے کہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ آج زیناکوٹ ریلی سے خطاب کریں گے۔