جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم تیز ہوگئی ہے۔ مرکز کے زیرانتظام علاقے میں دوسرے مرحلے کے تحت اِس مہینے کی 25 تاریخ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے آج دوپہر سری نگر میں ایک انتخابی ریلی کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ کس طرح بھارت کی جمہوریت کو مضبوط کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین کنبوں کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے وادی میں گڑبڑ پیدا کی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور جموں وکشمیر کو دہشت اور دہشت گردی سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جناب مودی کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی بیس کیمپ میں ایک عوامی میٹنگ سے بھی خطاب کریں گے۔
اِس دوران جموں وکشمیر میں کل اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 61 فیصد پولنگ درج کی گئی جو گزشتہ 35 برس میں سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد ہے۔ سبھی چوبیس اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ پرامن رہی۔ چناؤ کمیشن نے کہا ہے کہ نوجوان اور خواتین ووٹروں نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جموں وکشمیر میں تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ پہلی اکتوبر کو ہوگی۔
ہریانہ میں واحد مرحلے کے اسمبلی چناؤ کے لیے انتخابی مہم تیز ہوتی جارہی ہے۔ یہاں کل ایک ہزار 31 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ 90 رکنی ریاستی اسمبلی کے لیے ووٹنگ پانچ اکتوبر کو ہوگی۔