جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کیلئے انتخابی مہم آج شام ختم ہوگئی۔ اس مرحلے میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کے 7 اضلاع کے 40 اسمبلی حلقوں میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی، جس میں 39 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ اہل رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ پُرامن اور بہتر پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے ضروری سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شام 6 بجے تک ہوگی۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے 415 اور آزاد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ 40 اسمبلی حلقوں میں سے 24 جموں میں، جبکہ 16 شمالی کشمیر میں ہیں۔ جموں میں اہم مقابلہ BJP اور کانگریس کے درمیان ہے، جبکہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس- کانگریس انڈی اتحاد کے امیدواروں کا مقابلہ، جموں کشمیر پیپلز کانفرنس اور عوامی اتحاد پارٹی کے امیدواروں سے ہوگا۔ غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک پروگیسیو آزاد پارٹی نے بھی اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں لیکن وہ بطور آزاد امیدوار چناؤ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی انتخابی کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے 7 اضلاع میں پانچ ہزار 60 پولنگ مراکز قائم کیے ہیں۔
Site Admin | September 29, 2024 9:48 PM