جموں وکشمیر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ امید ہے کہ دوپہر تک نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔ پہلے ڈاک سے بھیجے گئے ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔ گنتی کے عمل کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے انتخابی کمیشن کی طرف سے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمیشن نے اپنی ویب سائٹ www.eci.gov.in کے ذریعے رجحانات کیلئے پختہ اور محفوظ بنیادی ڈھانچہ کی سہولت قائم کی ہے۔ یہ سہولت گنتی مراکز میں قائم کی گئی ہے۔
جموں وکشمیر میں آج کی گنتی میں 873 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مرکز کے زیرانتظام علاقے میں گنتی کے 28 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
کشمیر میں گنتی کے 10 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو سری نگر، بڈگام، گاندربل، باندی پورہ، بارہمولہ، کپواڑا، شوپیاں، کلگام، پلوامہ، اننت ناگ میں قائم کیے گئے ہیں۔
جموں وکشمیر میں 90 حلقوں کیلئے انتخابات 18 اور 25 ستمبر کو اور اِس ماہ کی پہلی تاریخ کو تین مرحلے میں کرائے گئے تھے۔
ہریانہ میں ووٹوں کی گنتی کیلئے 22 ضلعوں میں 90 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ہریانہ میں 90 رکنی اسمبلی کیلئے ووٹنگ 5 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ آج نتائج ایک ہزار 31 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔