جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے چناؤ مہم زور شور سے جاری ہے۔ اِس مرحلے کے تحت اِس مہینے کی 18 تاریخ کو 24 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بڑی سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ رہنما، ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوئی کوشش باقی نہیں رکھ رہے ہیں۔
مرکز کے زیرانتظام اِس علاقے میں تین مرحلوں کے تحت پولنگ کرائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ اِس مہینے کی 25 تاریخ اور تیسرے مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو کرائی جائے گی۔
اسی دوران کَل اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے داخل کیے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد، 449 امیدواروں کے پرچے صحیح پائے گئے۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر ہے۔
انتخابی مہم ہریانہ میں بھی زور پکڑ گئی ہے۔ یہاں ایک ہی مرحلے میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔ 90 رکنی اسمبلی کیلئے ووٹنگ پانچ اکتوبر کو ہوگی۔
ریاست میں کَل کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد ایک ہزار 747 میں سے ایک ہزار 561 امیدواروں کے پرچے صحیح پائے گئے۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ اِس مہینے کی 16 ہے۔
ہریانہ اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی اگلے مہینے 8 تاریخ کو کی جائے گی۔