ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

September 25, 2024 2:52 PM

printer

جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات: ایک بجے تک 36 اعشایہ نو-تین فیصد ووٹنگ درج کی گئی

جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت ایک بجے تک 36 اعشاریہ نو-تین فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔

ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے پولنگ مراکز کے باہر پرجوش ووٹرس کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے 6 ضلعوں کے 26 اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اِس دوران سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں قریب 25 لاکھ 78 ہزار رائے دہندگان 239 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

انتخابی کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو خوش اسلوبی سے کروانے کے لیے معقول انتظامات کیے ہیں۔ مرکز کے زیرانتظام علاقے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں کرائے جارہے ہیں۔ 18 ستمبر کو ہوئے پہلے مرحلے میں 61 فیصد سے زیادہ پولنگ درج کی گئی۔ تیسرے مرحلے کے تحت یکم اکتوبر کو 40 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔

دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کی پولنگ کی شروعات کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے رائے دہندگان سے ووٹ ڈالنے اور جمہوریت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار نبھانے کی اپیل کی۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نے پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے نوجوان ووٹروں کو بھی مبارکباد پیش کی۔

اسی دوران پندرہ ملکوں کے اعلیٰ سفارتکاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جموں وکشمیر میں جاری اسمبلی انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے آج وہاں کا دورہ کررہا ہے۔ اِس وفد میں امریکہ، میکسیکو، گیانا، جنوبی کوریا، صومالیہ، پناما، سنگاپور، نائیجیریا، اسپین، جنوبی افریقہ، ناروے، تنزانیہ، روانڈا، الجیریا اور فلپائن کے سفارتکار شامل ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ زیادہ تر سفارتخانوں کی نمائندگی اُن کے ناظم الامور اور مشنوں کے نائب سربراہ کررہے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں