تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے آج ’پائی تونگ ترن شِناوَترا‘ کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا ہے۔ وہ سابق وزیراعظم تھَکسِن شِناوَترا کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔ 37 سالہ خاتون، سیاست میں حال میں داخل ہوئی ہیں اور وہ برسر اقتدار ”فِیو تھائی پارٹی“ کی رہنما ہیں۔
’پائی تونگ ترن‘ کی نامزدگی، بدھ کو، وزیراعظم سریتھا تھاویسِن کے ہٹائے جانے کے بعد کی گئی ہے، جو اپنے عہدے پر ایک سال سے بھی کم مدت تک برقرار رہے۔ آئینی عدالت نے انُھیں مبینہ رشوت ستانی کی کوشش میں ایک گہری اخلاقی خلاف ورزی کا مرتکب پایا تھا۔ اسی عدالت نے پچھلے ہفتے، ترقی پسند Move Forward پارٹی کو تحلیل کردیا تھا، جس نے پچھلے سال کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ البتہ اُسے اقتدار میں نہیں آنے دیا گیا تھا۔ پائی تونگ ترن، شِناوَترا کنبے کی تیسری رہنما ہیں۔ تھکسِن شنِاوَترا کو پچھلے سال جلاوطنی سے واپس آنے سے پہلے ایک بغاوت میں معزول کردیا گیا تھا۔