تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالِن نے، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ سری لنکا کی بحریہ کے ہاتھوں، حراست میں لیے گئے، بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری سفارتی قدم اُٹھائیں۔ جناب اسٹالِن نے اپنے خط میں، تمل ناڈو کے ماہی گیروں کو بار بار گرفتار کیے جانے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ گرفتاری کے سبب ماہی گیر برادری میں، خوف و حراس اور غیر یقینی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے، کل رامیسوَرم کے 8 ماہی گیروں کو حراست میں لیے جانے کے تازہ ترین واقعے کا ذکر کیا۔ اِن ماہی گیروں کی دو کشتیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
جناب اسٹالِن نے مرکزی حکومت سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں، ایک مضبوط اور تال میل پر مبنی سفارتی کوشش کریں، تاکہ حراست میں لیے گئے سبھی ماہی گیروں اور کشتیوں کی جلد از جلد رہائی یقینی ہو۔×