تلنگانہ کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ A. Revanth Reddy نے پوری سرکاری مشنری کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتہائی چوکس رہے۔ حکومت نے 19 ضلعوں کیلئے اچانک سیلاب آجانے کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ کھمم ضلع میں 100 سے زیادہ گاؤں میں پانی بھر گیا ہے جہاں کَل 52 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ متاثرہ علاقوں کے سیکڑوں لوگوں کو امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ NDRF کی ٹیمیں دوسری ریاستوں سے روانہ کی جارہی ہیں۔ امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت Bandi Sanjay Kumar نے کہا ہے کہ صورتحال کی شدت سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ انھوں نے NDRF کی 9 ٹیمیں روانہ کئے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اِس دوران، وزیر اعلیٰ نے ریاست کے تین وزیروں سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں۔ ریاست میں بارش سے متعلق الگ الگ واقعات میں ایک شخص ہلاک اور دیگر تین افراد کے پانی میں بہہ جانے کا اندیشہ ہے۔ موسمیات کے محکمے نے خبردار کیا ہے کہ کَل بھی شدید بارش کے جاری رہنے کا امکان ہے اور شدید بارش کی وجہ سے کھمم، محبوب آباد، وارنگل اور Suryapet اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں کیونکہ جنوب وسطی ریلوے میں تین مقامات پر شدید بارش کی وجہ سے پٹریاں اُکھڑ گئی ہیں۔
تقریباً پوری ریاست دو دن سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ درجنوں گاؤں میں پانی بھر گیا ہے۔ سیکڑوں لوگوں نے اونچے مقامات، اونچی عمارتوں اور شاہراہوں پر پناہ لے رکھی ہے کیونکہ دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے اور پانی، ندی نالوں سے باہر بہہ رہا ہے۔ شدید بارش نے، خاص طور سے کھمم، Suryapet اور محبوب آباد ضلعوں میں بڑی تباہی مچائی ہے جس سے نقل وحمل اور مواصلات میں شدید طور سے خلل پڑا ہے۔ ہزاروں موٹرگاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں کیونکہ قومی شاہراہ نمبر 65 کے بعض حصوں میں پانی اوپر سے بہہ رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ حیدرآباد میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی کمشنر Amrapali نے لوگوں سے زور دے کر کہا ہے کہ اگر بہت ضروری نہ ہو تو وہ گھر سے باہر نہ جائیں۔ شدید بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف محکموں کی 600 سے زیادہ آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
Site Admin | September 1, 2024 9:55 PM