بنگلہ دیش میں جاری پرتشدد احتجاج کے دوران اب تک ساڑھے 4 ہزار سے زیادہ بھارتی طلبا وطن واپس آچکے ہیں۔ خارجی امور کی وزارت نے بتایاہے کہ ڈھاکہ میں بھارتی ہائی کمیشن نے سرحد پار کرنے والی چوکیوں سے بھارتی باشندوں کے باحفاظت سفر کیلئے اُن کی سکیورٹی کا بندوبست کیاہے۔ وزارت نے یہ بھی کہاہے کہ نیپال کے 500، بھوٹان کے 38 اور مالدیپ کا ایک طالب علم بھی بھارت پہنچا ہے۔ وزارت نے مزید کہاہے کہ ہائی کمیشن اور اسسٹنٹ اور ہائی کمیشن بھارتی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ یہ لوگ بنگلہ دیش میں مختلف یونیورسٹیوں کے باقی رہ جانے والے طلبا اور بھارتی باشندوں کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ قائم کیے ہوئے ہیں تاکہ اُن کی بہبود کو یقینی بنایا جاسکے اور اُن کی مدد کی جاسکے۔
وزارت نے مزید کہاہے کہ پچھلے دو دن سے ڈھاکہ میں بھارتی ہائی کمیشن اور چٹگانگ، راج شاہی، سِلہت اور کھُلنا میں اسسٹنٹ ہائی کمیشنوں نے بھارتی باشندوں کی وطن واپسی میں مدد فراہم کی ہے۔ اُس نے مزید کہاہے کہ ڈھاکہ میں ہائی کمیشن نے بنگلہ دیش کے شہری ہوابازی کے حکام اور کمرشیل ایئرلائنس کے ساتھ بھی رابطہ قائم کر رکھا ہے تاکہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پروازوں سے متعلق خدمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔