بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کی جانب سے کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں کے خلاف مخصوص الزامات لگائے جانے کے ساتھ ساتھ سنبھل تشدد کا معاملہ اٹھائے جانے پر اپوزیشن کے ذریعہ شور وغل کے سبب لوک سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔ وقفہ صفر کے دوران جناب دوبے نے فرانس میں شائع ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی قوتیں بھارتی پارلیمنٹ اور ملک کی معیشت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کے رہنما اور کچھ دیگر اپوزیشن رہنما ایسی رپورٹیں اپنے سوشل میڈیا ہینڈلس پر پوسٹ کرتے ہیں۔ کانگریس، ڈی ایم کے اور دیگر پارٹیوں کے ارکان نے ایک سرکردہ کاروباری گروپ کے خلاف مبینہ رشوت کے الزامات اور سنبھل تشدد کے معاملے پر ایوان میں شور وغل کیا۔ ایوان میں شور وغل کا سلسلہ جاری رہا تو اسپیکر نے کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔راجیہ سبھا میں بھی فرانس میں شائع ایک رپورٹ کا معاملہ اٹھایاگیا۔ وقفہ صفر کے دوران بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سدھانشو ترویدی نے اِس معاملے کو اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ بیرون ملک سے قومی مفاد پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 برس میں جب بھی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوتا ہے، ایسی رپورٹیں سامنے آتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے بھارت نے ایک وکست بھارت کا ہدف مقرر کیا ہے، تب سے مختلف غیر ملکی سرگرمیوں کے تحت ملک کی معیشت، اقدار اور سماجی پہلوؤں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
Site Admin | December 5, 2024 2:18 PM