بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے چناؤ مہم میں حصہ لینے والے اپنے 40 سرکردہ رہنماؤں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اِن میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ شامل ہیں۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت اِس مہینے کی 25 تاریخ کو پولنگ ہوگی۔ اِس کے علاوہ بی جے پی کے کئی دیگر سرکردہ لیڈر بھی پارٹی کی چناؤ مہم میں شامل ہوں گے۔ اِن میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، منوہر لال کھٹر، جی کشن ریڈی، جتیندر سنگھ اور شیوراج سنگھ چوہان شامل ہیں۔ 90 ارکان پر مشتمل جموں کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ اِس مہینے کی 18 تاریخ کو ہوگی۔ اِس کے بعد 25 ستمبر اور پہلی اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔