بہار میں جن سوراج پارٹی کے لیڈر پرشانت کشور کو آج پٹنہ میں بی پی ایس سی معاملے کے سلسلے میں حراست میں لے لیاگیا ہے۔ کشور اور ان کے حامیوں کے خلاف صبح سویرے کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پٹنہ کے گاندھی میدان میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے مقام سے انہیں جبراً ہٹایا۔13 دسمبر 2024 کو پیپر لیک ہونے کے الزامات کے پیش نظر پرشانت کشور بہار پبلک سروس کمیشن کی جانب سے منعقدہ 70ویں سرکاری سول سروسز کے پری ملینری امتحان کو منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد جناب کشور کو پٹنہ کے ایمس لے جایا گیا۔اِس سے قبل ضلع انتظامیہ نے انہیں خبردار کیا تھا اور اُن سے یہ کہتے ہوئے اُس مقام سے چلے جانے کو کہا تھا کہ وہ گاندھی میدان میں ایک ایسی جگہ بیٹھے ہیں، جہاں رکنے پر پابندی ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے کہا کہ جناب کشور قانون کی خلاف ورزی کررہے تھے اور انہیں اِس سے پہلے گاندھی میدان میں اُس جگہ کو خالی نہ کرنے کے سلسلے میں ایک نوٹس دیاگیا تھا، جہاں رکنے پر پابندی ہے۔ جن سورج پارٹی کے لیڈر اور اُن کے کچھ حامیوں کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔
Site Admin | January 6, 2025 3:08 PM