August 1, 2024 10:11 PM

printer

بہار میں بجلی گرنے سے کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ شدید بارش اور بادل پھٹنے کے واقعات سے ہماچل پردیش میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلی ہے

بہار میں، پچھلے چوبیس گھنٹے میں بجلی گرنے سے کم سے کم 10 افراد کی موت ہوگئی۔ گیا میں زیادہ سے زیادہ پانچ افراد کی موت کی خبر ہے، جبکہ جہان آباد میں 3 اموات ہوئی ہیں اور روہتاس ضلع میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان واقعات میں لوگوں کی جانیں تلف ہونے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی اور شمال مشرقی خطے میں اگلے چوبیس گھنٹے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیشگوئی کے ساتھ Yellow الرٹ جاری کیا ہے۔
ہماچل پردیش کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور بادل پھٹنے کے واقعات میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔ اِن واقعات میں 55 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 2 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کارروائیاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔ ہماچل پردیش حکومت نے 13 ہنگامی خدمات مراکز قائم کئے ہیں۔
ہماچل پردیش کے مختلف حصوں میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہوئی بارش قہر بن کر ٹوٹی ہے۔ ریاست کے کلّو، منڈی اور شملہ ضلعوں میں آج علی الصبح بادل پھٹنے کے واقعات پیش آئے۔ شملہ ضلع کے رام پور سب ڈویژن کے جھاکھڑی میں بادل پھٹنے کے واقعے میں 36 افراد لاپتہ ہیں جبکہ منڈی ضلع میں بادھر کے قریب تِکّن میں 9 افراد لاپتہ ہیں اور 2 لوگوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اِسی طرح کُلّو ضلع میں بھی دس افراد لاپتہ ہیں۔ خبر ملی ہے کہ ملانہ ڈیم بجلی پروجیکٹ کی زمینی منزل پر تین سے چار لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ چیف پارلیمنٹری سکریٹری اور کُلّو کے رکن اسمبلی سندر ٹھاکر نے بتایا کہ ملانہ ڈیم بجلی پروجیکٹ میں پھنسے لوگ پوری طرح محفوظ ہیں اور NDRF اور SDRF کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
اِس بیچ وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے آج شملہ میں کہا کہ وہ بذات خود راحت اور بچاؤ کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور انھوں نے مقامی انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں