بھارت نے ’میک ان انڈیا‘ پہل کے آغاز کے بعد سے 2023-24 میں اندرون ملک دفاعی پیداوار میں اب تک کی سب سے زیادہ ترقی کی ہے اور یہ ریکارڈ ایک لاکھ 27 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 2014-15 میں 46 ہزار 429 کروڑ روپے سے دفاعی پیداوار کی قدر میں 174 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اب 65 فیصد دفاعی سازوسامان اندرون ملک تیار ہوتا ہے، جبکہ اس سے پہلے 65 سے 70 فیصد درآمدات پر انحصار تھا۔ دفاعی برآمدات میں بھی 2013-14 میں 686 کروڑ روپے کے مقابلے 2023-24 میں 21 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جو ایک دہائی میں 30 گنا اضافہ ہے۔ یہ ترقی میک ان انڈیا پہل کے سبب ممکن ہوپائی ہے، جس سے جدید فوجی پلیٹ فارم کی تیاری کو یقینی بنایا جاسکا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ کبھی غیر ملکی سپلائرس پر منحصر رہنے والا ہمارا ملک، اب اندرون ملک تیار کردہ سازو سامان کے سلسلے میں ایک اُبھرتی ہوئی قوت بن گیا ہے، جس سے گھریلو صلاحیتوں کے ذریعہ وہ اپنی فوجی طاقت کو مضبوط کررہا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ حکومت نے دفاعی سازو سامان کی تیاری کے شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی کی خاطر مختلف اقدامات کئے ہیں۔ اب بھارت کا ہدف 2029 تک دفاعی پیداوار میں تین لاکھ کروڑ روپے کا ہے، جس سے عالمی سطح پر دفاعی سامان کی تیاری کے مرکز کے طور پر اس کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔