بھارت نے بنگلہ دیش سے کہا ہے کہ وہ اقلیتی برادریوں کی حفاظت کیلئے سبھی اقدام کرے۔ کَل نئی دلّی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بھارت نے، ہندوؤں اور دیگر اقلیتی برادریوں کو درپیش خطرات اور اُن پر کئے جانے والے حملوں کے معاملے پر لگاتار اور مضبطوطی کے ساتھ آواز اٹھائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اِس معاملے پر بھارت کا موقف واضح ہے کہ عبوری حکومت کو چاہئے کہ وہ سبھی اقلیتی برادریوں کی حفاظت کی ذمہ داری کو پورا کرے۔
ترجمان نے انتہا پسندانہ بیانات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا، جس سے تشدد اور اشتعال انگیزی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
چنموئے کرشنا داس کی گرفتاری کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں قانونی کارروائی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت امید کرتا ہے کہ اِس کارروائی سے ایک منصفانہ اور شفاف طریقے سے، اِس مقدمے سے نمٹا جائے گا، جس سے سبھی متعلقین کے قانونی حقوق کے تئیں پورے احترام کی یقین دہانی ہوتی ہو۔