بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک قرار داد کی حمایت میں 157 دیگر ملکوں کا ساتھ دیا ہے، جس میں جنگ سے بری طرح متاثر غزہ پٹّی میں ”فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی“ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے کل زبردست حمایت کے ساتھ دو قردادوں کو منظوری دی۔
پہلی قرار داد میں غزہ جنگ بندی کی بات کی گئی اور دوسری قرار داد میں مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی راحت اور کاموں سے متعلق ایجنسی UNRWA کی حمایت کی گئی، جس کے سلسلے میں اسرائیل نے پابندی کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ فوری طور پر جنگ بندی کے مطالبے کے ساتھ پہلی قرار داد کی منظوری کے حق میں 158 ووٹ پڑے، جبکہ امریکہ، اسرائیل اور ارجنٹینا سمیت 9 نے اِس کی مخالفت کی اور 13 غیر حاضر رہے۔ UNRWA کے فیصلے کی حمایت میں دوسری قرار داد کی منظوری کے حق میں 159 ووٹ پڑے، 9 نے مخالفت کی اور گیارہ غیر حاضر رہے۔بھارت لگاتار 7 اکتوبر کے حملوں کی مخالفت کرتا رہا ہے اور اِنہیں دہشت گردانہ کارروائیاں قرار دیتا رہا ہے نیز اُس نے اغوا کیے گئے تمام افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی پر بھی زور دیا ہے۔ ساتھ ہی بھارت بار بار جنگ بندی کی ضرورت، انسانیت نوازی کے تعلق سے جاری امداد، بین الاقوامی انسانیت نوازی سے متعلق قانون کی پابندی اور صبر، مذاکرات اور سفارتکاری کے تئیں عزم پر زور دیتا رہا ہے۔ بھارت نے مغربی ایشیا میں تشدد میں اضافے کے تعلق سے بھی تشویش ظاہر کی ہے اور کئی مرتبہ تمام طرفین سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں نیز مذاکرات کے ذریعے پُرامن حل کی جستجو کریں۔
Site Admin | December 12, 2024 9:28 PM