ایک انگریزی روزنامہ فائنانشیل ٹائمس کے اعلیٰ اقتصادی تجزیہ کار مارٹن وولف نے اندازہ لگایا ہے کہ بھارت 2047 تک سپرپاور ملک بن جائے گا۔ ایک اخباری کالم میں لندن میں مقیم ماہر اقتصادیات جناب وولف نے کہاکہ چار گنا زیادہ آبادی کے ساتھ بھارت امریکہ کی اقتصادی پیداوار کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک اگر بھارت کی مجموعی گھریلو پیداوار GDP، سالانہ پانچ فیصد کی شرح سے بھی بڑھتی ہے اور امریکی GDP دو اعشاریہ تین فیصد کی شرح سے بڑھتی ہے، تب بھی بھارت کی معیشت قوت خرید کی شرائط کے لحاظ سے امریکہ کے برابر ہوجائے گی۔
جناب وولف نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس کافی طاقت ہے اور مغربی ملکوں کے ساتھ اُس کے اچھے تعلقات ہیں۔ مغربی ملکوں کیلئے بھارت اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت وہ ملک بن سکتاہے جس کو بین الاقوامی مالی ادارہ IMF عالمی معیشت میں ایک جوڑنے والا ملک قرار دیتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت گھریلو اور عالمی سطح پر تجارت کو آزاد کرانے کی قیادت کرسکتا ہے۔