بھارت اور آسیان ملکوں نے بین الاقوامی قانون کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ضابطوں کے مطابق تنازعات کے پُرامن تصفیے کو فروغ دینے کی خاطر امن واستحکام، بحری سلامتی اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے اور اِسے فروغ دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔ آسیان-بھارت جامع کلیدی ساجھیداری کو مستحکم بنانے کے بارے میں ایک مشترکہ بیان میں بھارت اور آسیان ملکوں کے رہنماؤں نے جنوبی چین کے سمندر میں متعلقہ فریقوں کے طرزِ عمل پر اعلانیے پر پوری طرح اور موثر انداز سے عمل درآمد کئے جانے کی حمایت کی ہے اور جنوبی چین کے سمندر میں موثر اور ٹھوس ضابطہئ عمل جلد طے کئے جانے کی اُمید ظاہر کی ہے۔
اِن ملکوں نے بحری سلامتی، دہشت گردی سے نمٹنے، ایک دوسرے کے ملکوں میں جرائم، دفاعی صنعت، انسانی ہمدردی کی امداد، قدرتی آفات کی صورت میں راحت پہنچانے، قیامِ امن، بارودی سرنگیں ہٹائے جانے کی کارروائی اور اعتماد سازی کے اقدامات کے شعبے میں اشتراک کو مستحکم بنانے سے بھی اتفاق کیا ہے۔