July 5, 2024 9:51 PM

printer

بھارت۔روس سالانہ چوٹی میٹنگ میں دفاع، تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر توجہ مرکوز رہے گی

بائیسویں بھارت۔روس چوٹی میٹنگ میں دفاع، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات، توانائی، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی نیز ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطے کے شعبے میں باہمی تعاون، بات چیت کے اہم نکات ہوں گے۔ یہ بات خارجہ سکریٹری وِنے موہن کواترا نے آج نئی دلّی میں نامہ نگاروں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم کے اِس ماہ کی 8 سے 10 تاریخ کے دوران روس اور آسٹریا کے سرکاری دورے کے بارے میں جناب کواترا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن، دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ باہمی دلچسپی کے معاصر علاقائی اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ دونوں رہنما، برکس، شنگھائی تعاون تنظیم SCO، گروپ۔20، مشرقی ایشیا سربراہ کانفرنس اور اقوام متحدہ سمیت مختلف فورموں میں دو طرفہ مصروفیات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے۔ جناب کواترا نے کہا کہ بات چیت کے دوران روسی فوج کی سروس میں گمراہ طور پر شامل کیے جانے والے بھارتی شہریوں کی جلد بازیابی کا معاملہ بھی سامنے آنے کی امید ہے۔ بھارت۔روس سالانہ چوٹی میٹنگ آئندہ منگل کے روز ہونے والی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں