بھارتی محکمہ موسمیات IMD نے مشرقی وسطی خلیج بنگال اور ملحقہ شمالی انڈمان کے سمندر میں پیر کے روز ہوا کے کم دباؤ کا حلقہ بننے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے اثر سے اڈیشہ میں اگلے ہفتے شدید سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کے اِس حلقے کے شمال مغرب کی جانب بڑھنے اور تقریباً بدھ کے روز اِس کے گہرے حلقے میں تبدیل ہوکر مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے اِس مہینے کی 23 سے 25 تاریخ کے دوران اڈیشہ میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اگرچہ موسم سے متعلق متعدد ماڈلز نے اگلے ہفتے خلیج بنگال میں ممکنہ سمندری طوفان کی پیشگوئی کی ہے، تاہم IMD کے ڈائریکٹر جنرل مرتُنجے مہاپترا نے آج کہا کہ اِس سے متعلق واضح تصویر، ہوا کے کم دباؤ کا حلقہ بننے کے بعد ہی سامنے آسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم سے متعلق ماڈلز کے درمیان اِس سلسلے میں اتفاق رائے نہیں ہے۔ بھارتی موسمیات محکمے نے اس بارے میں کوئی پیشگوئی نہیں کی ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کا یہ حلقہ سمندری طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔ البتہ انہوں نے کہا کہ اڈیشہ، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں اِس کے واضح اثرات سامنے آسکتے ہیں۔ موسمیات کے محکمے نے تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرناٹک سمیت ملک کے جنوبی علاقوں میں اگلے دو سے تین روز کے دوران شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
Site Admin | October 19, 2024 9:37 PM