July 16, 2024 9:56 PM

printer

بھارتی محکمہ موسمیات نے گوا، مدھیہ مہاراشٹر، گجرات، کرناٹک اور کیرالہ میں اگلے پانچ دن کے دوران شدید سے شدید ترین بارش کی پیشگوئی کی ہے

بھارتی محکمہ موسمیات نے گوا، مدھیہ مہاراشٹر، گجرات، کرناٹک اور کیرالہ میں اگلے پانچ دن کے دوران شدید سے شدید ترین بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمے نے تلنگانہ ساحلی آندھراپردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اڈیشہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ اور تمل ناڈو میں بھی شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ نے ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، جموں وکشمیر، لداخ، پنجاب، ہریانہ، دلّی، اترپردیش اور مغربی راجستھان میں بھی ا گلے 5 دن کے دوران ہلکی سے اوسط بارش کے امکان کا اظہار کیا ہے۔
اترپردیش میں، 17 ضلعوں کے ایک ہزار 500 سے زیادہ گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں۔ اس کے علاوہ، بریلی، پیلی بھیت اور شاہجہاں پور میں شہری علاقے بھی متاثر ہیں۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اندر سیلاب سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے حکام کو سیلاب اور شدید بارش کی صورتحال پر نظر رکھنے اور دریاؤں اور پشتوں کی چوبیسوں گھنٹے نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔
پیلی بھیت، لکھیم پور، کُشی نگر، بلرام پور، Shravasti، گونڈہ، سیتاپور، ہردوئی، ایودھیا، بہرائج، گورکھپور، بدایوں، دیوریا، انّاؤ، فرخ آباد، بریلی اور بارہ بنکی ضلعوں کے بہت سے گاؤں بارش اور ڈیم کا پانی چھوڑے جانے کے باعث سیلاب سے متاثر ہیں۔ سیلاب سے 14 لاکھ 80 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ 29 ہزار ایسے افراد ہیں جن کی فصلوں، گھروں، اشیا سمیت املاک تباہ ہوگئی ہیں۔ گورکھپور میں 48 سیلاب سے متاثرہ گاؤں میں راحت کیلئے 91 کشتیاں تعینات کی گئی ہیں۔ پیلی بھیت میں ساڑھے سات ہزار سے زیادہ سیلاب سے متاثرین کو راحت کا سازوسامان فراہم کیا گیا۔ وارانسی میں گنگا کی سطح آب میں اضافے کے مدنظر گنگا میں چھوٹی کشتیوں کی کارروائیوں کو آئندہ احکامات تک ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ہردوئی میں 133 گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں۔ یہاں 48 سیلاب کی پوسٹس اور 105 پناہ گاہیں بنائی گئی ہیں۔
اُدھر گجرات میں آج 20 سے زیادہ ضلعوں میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش ہوئی۔ ریاست میں پچھلے دو دن سے لگاتار بارش کے نتیجے میں بڑے باندھوں اور دریاؤں کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں 200 سے زیادہ آبی ذخیروں میں ابھی تک تقریباً 34 فیصد پانی کا ذخیرہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریاست میں 7 آبی ذخیروں کو انتہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد، سردار سَرو وَر باندھ میں، جو ریاست کی شہ رگ سمجھا جاتا ہے، پانی کا ذخیرہ اپنی مجموعی گنجائش سے 52 فیصد تجاوز کر گیا ہے۔ تین آبی ذخیروں سوراشٹر واگدیا، وَنسل اور َسسوئی-2، معمول کی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں اور انہیں انتہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ بَھدر اور ڈھولی باندھوں سمیت ریاست کے پانچ بڑے باندھوں میں کُل گنجائش کا 50 فیصد پورا ہوگیا ہے۔
اسی دوران بھارتی محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹے کیلئے سوراشٹر اور جنوبی گجرات کے بہت سے ضلعوں کیلئے Orange الرٹ جاری کیا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں