ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

September 12, 2024 9:45 PM

printer

بھارتی محکمہ موسمیات نے اگلے دو دن کے دوران اتراکھنڈ اور اترپردیش کے بعض حصوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے

بھارتی موسمیات محکمے نے شدید بارش کے امکان کے مد نظر اتراکھنڈ میں کل تک کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ پوڑی، دہرہ دون، باگیشور، چمپا وَت، نینی تال، اودھم سنگھ نگر اور ہری دوار میں شدید سے لے کر بہت شدید بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔قدرتی آفات سے پیدا حالات سے نمٹنے سے متعلق محکمے نے سبھی متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیاری اور مکمل ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔ اِدھر آکاشوانی نیوز سے بات کرتے ہوئے بھارتی موسمیات محکمے کے سرکردہ سائنسداں آر کے جَینامنی نے کہا کہ اگلے دو دن کے دوران اترپردیش کے مختلف حصوں اور اِس سے متصل علاقوں میں بہت تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
وسطی بھارت کے خطے میں ہوا کے دباؤ کا حلقہ بننے کے زیرِ اثر اگلے دو تین دن کے دوران اترپردیش میں وسطی، بندیل کھنڈ اور اِس سے ملحقہ علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں بہت تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ ریاست کے کئی شہروں میں پچھلے چوبیس گھنٹے سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ جھانسی، علی گڑھ، فرخ آباد، آگرہ اور متھرا ضلعے میں تیز بارش ہونے سے روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے، سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے اور کئی ضلعوں میں اسکول اور کالج آج بند رہے۔ بارش سے وابستہ واقعات میں متھرا، بلند شہر اور مرادآباد ضلعے میں 5 اموات ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
راجستھان کے مشرقی حصوں میں شدید بارش ہونے سے زندگی کے معمولات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ دھولپور، دوسا، بھرت پور اور بارَن ضلعے میں 35 قصبوں اور شہروں میں شدید سے لے کر بہت شدید بارش ہوئی ہے۔ دھولپور ضلع میں ایک مکان کے ڈھہ جانے سے دو بچوں کی موت ہوگئی۔ راجستھان میں اِس مانسون سیزن میں بارش ہونے کا 49 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ ریاست میں اب تک 664 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، جو نارمل سے 61 فیصد زیادہ ہے۔اِس سے قبل 1975 میں 665 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ مشرقی ضلعوں کے کئی قصبوں اور شہروں میں نچلے علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔
ریاست میں بیشتر باندھوں اور دریاؤں میں پانی کناروں سے باہر بہہ رہا ہے۔ کئی ضلعوں میں خریف کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں