وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارتی ساحلی گارڈ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج کے غیر یقینی حالات میں، روایتی اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے انسانوں پر انحصار سے آگے بڑھ کر، ٹیکنالوجی پر انحصار کریں۔
ساحلی گارڈ کے صدر دفتر میں، بھارتی ساحلی گارڈ کے کمانڈروں کی 41 ویں کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کمانڈروں سے خطاب کیا۔ جناب سنگھ نے سمندری سرحدوں پر انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی، ملک کے حفاظتی نظام کو اور مضبوط بنانے کا کام کرتی ہے۔ انھوں نے بھارتی ساحلی گارڈ کو، بھارت کے، سب سے آگے رہنے والے محافظ قرار دیا، جو خصوصی اقتصادی زون پر لگاتار قریبی نظر رکھ کر، ملک کے وسیع ساحلوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی، ہتھیاروں اور نشیلی اشیاء کی ناجائز تجارت نیز انسانوں کی تجارت جیسی غیرقانونی سرگرمیوں کی بھی روک تھام کرتے ہیں۔ جناب سنگھ نے ملک کو اندرونی نقصانات سے بچانے میں ساحلی گارڈ کے تعاون کو بے مثال قرار دیا۔
وزیر موصوف نے مسلح فوجوں اور بھارتی ساحلی گارڈ کو، ملک میں ہی تیار کیے گئے پلیٹ فارمس اور ساز و سامان سے لیس کرکے، جدید بنانے کے حکومت کے عزم کو دوہرایا۔
جناب سنگھ نے آتم نربھرتا لانے کیلئے جاری کوششوں کے بارے میں کہا کہ ’بھارتی شپ یارڈز‘ بھارتی ساحلی گارڈ کیلئے 31 بحری جہازوں کی تعمیر کر رہی ہیں۔
یہ تین روزہ کانفرنس ترقی کرتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی منظر ناموں اور سمندری سلامتی کی پیچیدگیوں کے تناظر میں دفاعی کارروائیوں سے متعلق اور انتظامی معاملات پر بامعنی مذاکرات کیلئے ایک اہم فورم کی حیثیت رکھتی ہے۔ x