بھارتی ریلویز مہا کمبھ میلہ2025 کے دوران یاتریوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر 13 ہزار خصوصی ٹرینیں چلائے گی۔ اِن میں دس ہزار ریگولر ٹرینیں اور تین ہزار خصوصی ٹرینیں شامل ہیں۔ یہ ٹرینیں 50 سے زیادہ دن چلیں گی، جس میں مہا کمبھ میلے سے پہلے اور میلے کے بعد دو تین دن شامل ہیں۔ پریاگ راج مہا کمبھ میلے میں تقریباً 40 کروڑ عقیدتمندوں کی شرکت متوقع ہے، جو بھیڑ کے بندوبست سے متعلق چیلنج ہے۔
شمال وسطی ریلوے کے تعلقاتِ عامہ کے چیف افسرششی کانت ترپاٹھی نے بتایا کہ ریلوے نے یاتریوں کے لیے بلا رکاوٹ اور محفوظ سفری تجربے کو یقینی بنانے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کی بھاری بھیڑ سے نمٹنے کے لیے لوگوں کے آنے جانے پر ہر طرف سے نظر رکھی جائے گی۔ اپنے متعلقہ پلیٹ فارموں کی طرف جانے سے پہلے مسافروں کو یاتری کیندر کے بارے میں ہدایات دی جائیں گی جس سے تذبذب اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مہا کمبھ میلہ پریاگ راج میں گنگا، یمنا اور سرسوتی کے سنگم پر 13 جنوری سے 26 فروری 2025 تک جاری رہے گا۔