بھارتی ریلویز نے چھٹھ پوجا تقریبات کے اختتام کے بعد کثیر تعداد میں لوگوں کے واپس آنے کے تناظر میں 500 سے زیادہ خصوصی ریل گاڑیوں کا بندوبست کیا ہے۔ اِن میں سے 164 ریل گاڑیاں آج چلائی جارہی ہیں۔ شمالی ریلوے کے ترجمان ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے آکاشوانی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں سے مسافروں کے خوش اسلوبی کے ساتھ باہر نکلنے کے لئے محکمے نے RPF اور رضاکاروں کو اُن کی رہنمائی کیلئے تعینات کیا ہے۔
ایک بیان میں ریلوے بورڈ نے کہا ہے کہ سمستی پور، دانا پور اور دیگر ڈویژنوں سے اضافی ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔
بھارتی ریلویز کے مطابق تہوار کے دنوں میں 4 ہزار 521 ریل گاڑیوں کے ذریعے تقریباً 65 لاکھ مسافروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچایا گیا۔ ریلوے کی وزارت نے بتایا ہے کہ پہلی اکتوبر سے اِس مہینے کی 5 تاریخ کے درمیان 6 کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ مسافر ریل گاڑیوں کے ذریعے بہار، مشرقی اترپردیش اور جھارکھنڈ گئے۔