ملک شام میں شامی باغیوں نے اہم شہر حمص پر قبضے کے بعد راجدھانی دمشق کا محاصرہ کرلیا ہے۔ باغیوں نے شامی حکومت کے خلاف بڑی پیش قدمی کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 4 شہروں پر قبضہ جمالیا۔ باغیوں نے کہا ہے کہ انھوں نے حلب پر قبضے کے بعد ملک کے تیسرے بڑے شہر حمص کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔ باغیوں نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے قونیطرہ کے خطوں اور اسرائیل کی سرحد کے نزدیک درعا کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ باغی فورسز نے اردن کی سرحد کے قریب واقع ملکِ شام کے جنوبی صوبے سوئیدا کے زیادہ تر فوجی اڈوں کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
اسلامی گروپ حیات تحریر ال شام کی قیادت میں باغی کمانڈر حسن عبد الغنی جس نے ملک کے شمال مغرب میں حملے کا آغاز کیا تھا، نے کہا ہے کہ ان کی فوجوں نے راجدھانی دمشق کے محاصرے کا آخری مرحلہ شروع کردیا ہے۔
وہیں ملکِ شام کے صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے صدر کے دفتر نے کہا کہ صدر اسد اب بھی دمشق سے کام کر رہے ہیں۔
اِس دوران باغی فورسز کی پیشقدمی اور تیز رفتاری کامیابیوں سے صدر بشار الاسد کی حکمرانی کے لیے غیر متوقع چیلنج پیدا ہوگیا ہے۔x