بارہویں پاسپورٹ سیوا دِوس کے موقع پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ملک اور بیرون ملک سبھی پاسپورٹ حکام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر جے شنکر نے شہریوں پر مرکوز خارجہ پالیسی کے بھارت کے مشن کو آگے بڑھانے میں اُن کی کوششوں کی ستائش کی ہے۔ انھوں نے پاسپورٹ مہیا کرانے کے پروگرام میں قابل قدر پیش رفت کو وسیع پیمانے پر تسلیم کئے جانے کو بھی سراہا ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے سال 2023 میں شہریوں کو پاسپورٹ سے وابستہ تقریباً ایک کروڑ 65 لاکھ خدمات بہم پہنچائیں۔ انھوں نے گزشتہ سال پاسپورٹ اور دیگر متعلقہ خدمات میں تقریباً 15 فیصد سالانہ کی شرح ترقی کی بھی ستائش کی۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کی خاطر وزارت نے اب تک 440 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر شروع کیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پاسپورٹ پولیس ایپ شروع کی گئی ہے، جس کے دائرے میں تقریباً 9 ہزار تھانے آئیں گے۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ سیوا نظام کو ڈیجی لاکر نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے تاکہ کاغذ کے استعمال کے بغیر یہ عمل مکمل ہوسکے۔ x