Adelaide Oval میں بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹ سے ہرا دیا ہے۔ اِس طرح آسٹریلیا نے پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ایک – ایک سے برابری حاصل کرلی ہے۔
آج کھیل کے تیسرے دن آسٹریلیا نے محض 19 رَن کا نشانہ بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ اِس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 175 رَن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے آج صبح پانچ وکٹ پر 128 رَن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 47 رَن کے اضافے کے ساتھ اُس کے باقی پانچ کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی طرف سے نتیش کمار ریڈی نے سب سے زیادہ 42 رَن بنائے۔ آسٹریلیا کے کپتان Pat Cummins نے پانچ وکٹ لئے۔ اِس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے، اپنی پہلی اننگز میں 180 رَن بنائے تھے۔ جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رَن اسکور کئے اور اِس طرح اُسے 157 رَن کی سبقت حاصل ہوگئی تھی۔