وزیراعظم نریندرمودی نے آج NDA کے ارکانِ پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ کے قواعد و ضوابط پر عمل کریں، پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھیں اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ چیزیں ایک اچھے رکن پارلیمنٹ ہونے کیلئے بیحد ضروری ہیں۔ جناب مودی نے یہ بات نئی دلی میں نئی حکومت کے قیام کے بعد NDA پارلیمانی پارٹی کی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے مطلع کیا کہ وزیراعظم نے NDA کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو مناسب طرزِعمل کے بارے میں رہنمائی کی۔ جناب رجیجو نے بتایا کہ وزیراعظم نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ ہر رکن پارلیمنٹ کو ملک کی خدمت کرنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں، ملک کی خدمت اُن کی اولین ذمے داری ہے۔ وزیراعظم نے ارکانِ پارلیمنٹ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے مسائل جیسے پانی، ماحولیات اور سماجی شعبوں میں مہارت پیدا کریں۔ اِس سے پہلے NDA کے لیڈروں اور ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیراعظم مودی کو مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔
Site Admin | July 2, 2024 3:11 PM