تیلگودیسم پارٹی کے سربراہ اور نامزد وزیر اعلیٰ نَر چندر بابو نائیڈو آج آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ یہ تقریب کرشنا ضلعے میں کیسر پلّی کے مقام پر منعقد کی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بہت سی شخصیتیں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گی۔
نَر چندر بابو نائیڈو، دن میں 11 بجکر 27 منٹ پر حلف لیں گے۔ یہ تقریب کرشنا ضلعے کے کیسر پلّی آئی ٹی پارک میں منعقد ہوگی۔ اُن کے ساتھ 24 نو منتخبہ ارکان کو بھی وزراء کی کونسل میں حلف دلایا جائے گا۔ جن میں جَن سینا پارٹی کے تین ارکان اور BJP کا ایک رکن بھی شامل ہے۔ چونکہ وزیر اعظم نریندرمودی، وزیر داخلہ امت شاہ BJP صدر اور مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا اور بہت سے NDA رہنمائوں کے اِس تقریب میں شرکت کی امید ہے، لہٰذا تقریب کی جگہ زبردست حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ جگہ گَنّاورم میں وجئے واڑہ ہوائی اڈے کے نزدیک ہے۔ امید ہے کہ جاپان، سنگاپور اور جنوبی کوریا کے سفارتکار، حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
فلمی ستارے چرن جیوی اور رجنی کانت بھی اِس تقریب میں شرکت کریں گے۔ اِس سے پہلے جناب نائیڈو نے 1995 سے 2004 تک متحدہ آندھراپردیش کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا اور ریاست کی تقسیم کے بعد 2014 سے 2019 تک یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ انہیں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف دلایا جائے گا۔ جناب نائیڈو کا 40 سال کا وسیع سیاسی تجربہ ہے۔ چندر بابو نائیڈو کی سربراہی والی تیلگودیسم پارٹی مرکز میں NDA اتحاد میں ایک اہم رول ادا کررہی ہے۔ امید ہے کہ امراوتی علاقے کو آندھراپردیش کی نئی راجدھانی کے طورپر فروغ دیا جائے گا۔