کھانے پینے کی چیزوں کے معیار کی بھارتی اتھارٹی، FSSAI نے ڈبہ بند غذائی اشیا کے پیکٹ پر چینی، نمک، اور چربی سے متعلق غذائیت کی معلومات کو بڑے اور جلی حروف میں نمایاں کرنے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔
غذائی اتھارٹی کی 44ویں میٹنگ میں غذائی اشیا کے تحفظ اور معیارات (Labelling and Display) سے متعلق ترمیم کا فیصلہ کیا گیاتھا جس کے تحت غذائی اشیا کے پیکٹ پر غذائیت سے متعلق معلومات نمایاں کی جاتی ہے۔
FSSAI کے چیئرپرسن اپوروا چندرا نے اس میٹنگ کی صدارت کی تھی۔
ایک بیان میں مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد، صارفین کو زیادہ با اختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے ذریعے استعمال کی جا رہی اشیا میں غذائیت کی مقدار کو سمجھ سکیں اور صحت مندانہ انتخاب کر سکیں۔
وزراتِ صحت نے مزید کہا کہ اس ترمیم سے متعلق ڈرافٹ نوٹیفکیشن کو عام کیا جائے گا تاکہ اس بارے میں عوام سے مشورے اور اعتراضات طلب کیے جا سکیں۔
صارفین کو بااختیار بنانے اور انھیں صحت مندانہ انتخاب فراہم کرنے کے علاوہ یہ ترمیم غیر متعدی امراض، NCD کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور عوامی صحت اور بہتری میں اضافہ کرنے میں بھی مدد کرے گی۔