اڈیشہ میں عالمی شہرت یافتہ رتھ یاترا پَوِتر شہر پوری میں نکالی جارہی ہے۔ اِس میں بھگوان جگن ناتھ، بھگوان بَل بھدر، دیوی سُبھدرا اور بھگوان سُدرشن کے تین رتھوں کو لے جایا جائے گا۔ وہاں کثیر تعداد میں عقیدتمند اکٹھا ہوئے ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سالانہ فیسٹول میں شامل ہونے کیلئے پوری گئی ہوئی ہیں۔ وہاں دنیا کے مختلف حصوں سے لاکھوں عقیدتمند رتھوں کو کھینچنے اور درشن کیلئے اکٹھا ہوئے ہیں۔ اِن رتھوں کو سری جگن ناتھ مندر کے سِنگھ دوار کے سامنے رکھا گیا ہے جہاں سے اِنہیں سری Gundicha مندر لے جایا جائے گا۔ وہاں یہ ایک ہفتے رہیں گے۔
اِدھر اڈیشہ سرکار نے رتھ یاترا کے خوش اسلوبی کے ساتھ انعقاد اور صدر جمہوریہ کے دورے کے مد نظر سبھی انتظامات کئے ہیں۔
رتھ یاترا کے دوران امن و قانون برقرار رکھنے اور کثیر تعداد میں لوگوں کے موجود ہونے کے تناظر میں سکیورٹی اہلکاروں کی 180 پلٹن تعینات کی گئی ہیں۔ اڈیشہ سرکار نے رتھ یاترا کے پیش نظر ریاست میں دو دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، جو اڈیشہ کے چار روزہ دورے پر ہیں، عالمی شہرت یافتہ رتھ یاترا میں شامل ہوں گی۔ صدر جمہوریہ کَل بھوبنیشور پہنچی تھیں۔ ان کا آج بھوبنیشور میں تاریخی Udayagiri اور Khandigiri غار دیکھنے کا پروگرام ہے جبکہ کل وہ Bibhuti قانون گو کالج آف آرٹ اور اُتکل یونیورسٹی آف کلچر کے طلباء کے ساتھ بات چیت کریں گی۔ صدر جمہوریہ منگل کو، دلی روانہ ہونے سے پہلے، بھوبنیشور میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، NISER میں تیرہویں گریجویشن تقریب میں شرکت کریں گی۔