اٹھارہویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس اِس ماہ کی 24 تاریخ کو شروع ہوگا۔ اجلاس کے دوران نومنتخبہ ممبران کی حلف برداری، اسپیکر کا انتخاب، صدر کا خطاب اور دیگر اُمور پر بات چیت ہوگی، جبکہ راجیہ سبھا کا 264 واں اجلاس اِس ماہ کی 27 تاریخ کو ہوگا اور اگلے ماہ کی تین تاریخ کو پارلیمنٹ کا اجلاس اختتام پذیر ہوجائے گا۔
پارلیمانی اُمور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ ملک کے عوام نے فیصلہ کیا ہے اور یہ اب ہمارا فریضہ ہے کہ ملک کی خدمت کریں۔ انھوں نے کہا کہ140 کروڑ بھارتی عوام کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے اور اُن سے وابستہ اُمور پر بات چیت کرنے اور اُس کی تکمیل کیلئے پارلیمنٹ ایک مناسب پلیٹ فارم ہے۔