اوڈیشہ سرکار نے مختلف محکموں سے وابستہ خدمات میں سابق اگنی ویروں کیلئے 10 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے اور عمر میں تین سال کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں جسمانی ٹیسٹ سے بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اِس سے پولیس، محکمہ جنگلات، ایکسائز، آگ بجھانے کے محکمے یا ریاستی سرکار کی تعین کردہ کسی بھی دیگر خدمات میں سابق اگنی ویروں کو وافر مواقع ملیں گے۔
سابق اگنی ویروں کو 10 فیصد یکساں ریزرویشن دینے کا اطلاق سیدھے بھرتی میں گروپ سی اور گروپ ڈی کے سبھی عہدوں پر ہوگا۔
یہ ریزرویشن سابق فوجیوں کیلئے دستیاب ریزرویشن کے علاوہ ہوگا، بشرطیکہ سابق اگنی ویر متعلقہ بھرتی کے ضابطوں میں عہدوں کیلئے مخصوص درکار کم از کم کوالیفکیشن کو پورا کرتے ہوں۔