امریکہ میں 47ویں صدر کے انتخاب کیلئے کَل ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اِس چناؤ میں ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک لیڈر کملا ہیرس کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہ امید کی جارہی ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں صدر کے عہدے کیلئے یہ سب سے قریبی مقابلوں میں سے ایک چناؤ ہوگا۔دونوں امیدواروں نے رائے دہندگان کو راغب کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔چناؤ جیتنے کیلئے ایک امیدوار کو 270 الیکٹورل کالج ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ رائے عامہ کے تازہ جائزوں سے اِس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ صدر کے عہدے کے چناؤ کے نتیجوں کا دارومدار اِس بات پر ہوگا کہ سات اہم ریاستوں میں رائے دہندگان کیا رُخ اختیار کرتے ہیں۔ اِن ریاستوں میں Arizona، Nevada، Wisconsin، Michigan، Pensnsylvania، شمالی کیرولینا اور جارجیا شامل ہیں۔اِدھر ریپبلکن امیدوار اور سابق صدر ٹرمپ نے شمالی کیرولینا میں Kinston کے مقام پر ایک ریلی کی اور اپنی حریف اور نائب صدر کملا ہیرس کو یہ کہتے ہوئے نشانہ بنایا کہ اُن کے پاس کوئی نظریہ، کوئی تجویز اور کوئی حل نہیں ہے اور یہ کہ اُن کا کام مختلف معاملات پر صرف اُنہیں ذمے دار ٹھہرانا ہے۔ دوسری طرف صدر کے عہدے کیلئے ڈیموکریٹک امیدوار کملاہیرس نے غزہ میں جاری لڑائی ختم کرانے، یرغمال بنائے گئے افراد کو واپس لانے اور اسرائیل کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ عزت وقار اور حق خود ارادیت کے فلسطینی عوام کے حق کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے۔ محترمہ کملا ہیرس نے Michigan میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
Site Admin | November 4, 2024 2:50 PM