امریکہ میں نئے صدر کے انتخاب کیلئے آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اِس چناؤ میں اعلیٰ عہدے کیلئے ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک لیڈر اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
امریکہ میں پولنگ بھارتی وقت کے مطابق آج شام ساڑھے پانچ بجے اور شام ساڑھے سات بجے کے درمیان شروع ہوگی۔ ملک میں بیشتر پولنگ اسٹیشنوں میں کَل بھارتی وقت کے مطابق صبح سویرے ساڑھے پانچ بجے اور صبح ساڑھے نو بجے کے درمیان ختم ہوگی۔
پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی چناؤ نتائج آنے کا امکان ہے لیکن یہ جاننے کیلئے کئی دن لگ جائیں گے کہ اگلا امریکی صدر کون ہوگا۔
بہت سے لوگوں نے ڈاک ووٹنگ نظام کا استعمال کرتے ہوئے مقررہ وقت سے پہلے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرلیا ہے۔ امریکہ میں رائے عامہ کے ووٹ کے ذریعے صدر کا انتخاب نہیں کیا جاتا بلکہ وہاں بالواسطہ انتخابی نظام کے ذریعے صدر کو منتخب کیا جاتا ہے، جسے الیکٹرول کالج کہاجاتاہے۔