June 24, 2024 9:58 AM

printer

امت شاہ نے محکمہ موسمیات اور مرکزی آبی کمیشن سے کہا ہے کہ وہ سیلاب سے بہتر طریقے سے نمٹنے کیلئے دریاؤں کی سطح کے بارے میں پیشگوئی کے نظام کو جدید شکل دیں

وزیر داخلہ امت شاہ نے بھارت کے محکمہ موسمیات اور مرکزی آبی کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب کی صورتحال سے بہتر طریقے سے نمٹنے کیلئے دریاؤں کی سطح کے بارے میں پیشگوئی کے نظام کو جدید بنانے کی کوشش کی جائے۔ نئی دلّی میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے ملک میں سیلاب کی پریشانی سے نمٹنے کیلئے ایک جامع اور دور رس پالیسی تشکیل دینے کیلئے طویل مدتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انھوں نے ہدایت دی کہ بجلی گِرنے کے بارے میں محکمہئ موسمیات کی وارننگ، عوام کو SMS، ایف ایم ریڈیو اور دیگر وسیلوں سے پہنچائی جانی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ موسم، بارش اور سیلاب کی وارننگ دینے والی، مختلف محکموں کی تیار کردہ Apps کو، باہم مربوط کئے جانے کی ضرورت ہے۔

جناب شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کا، قدرتی آفت سے نمٹنے والا نظام، ایک ایسا نظام بنتا جارہا ہے، جس میں کسی کی جان ہرگز ضائع نہ ہو۔

وزیر داخلہ نے محکمہ موسمیات اور مرکزی آبی کمیشن سے کہا کہ وہ، سیلاب سے متعلق پیشگوئی کیلئے استعمال ہونے والے سبھی آلات کو جدید ترین بنانے کا عمل مکمل کرلیں۔ انھوں نے اِس بات کو بھی یقینی بنانے کیلئے کہا کہ سبھی بڑے باندھوں کے دَرّے، اچھی حالت میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ CWC کے، سیلاب پر نظر رکھنے والے مرکزوں کو، ملک کی ضرورتوں اور  بین الاقوامی معیارت کے مطابق ہونا چاہئے۔

جناب شاہ نے گلیشئر ٹوٹنے سے آنے والے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ انھوں نے سیلاب اور آبی بندوبست کیلئے مختلف ایجنسیوں کے ذریعے خلائی تحقیق کے بھارتی ادارے اِسرو کی، سیٹلائٹ کے ذریعے فراہم کردہ تصویروں کے، زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی زور دیا۔

وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کی صورت میں کام کرنے والی قومی اتھارٹی NDMA اور ماحولیات و جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کی وزارت کو، جنگل میں آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اِس میٹنگ میں جل شکتی کے مرکزی وزیر سی آر پاٹل، امور داخلہ کے وزیر مملکت نتیانند رائے، مرکزی داخلہ سکریٹری کے علاوہ متعدد وزارتوں اور محکموں کے سکریٹریز اور اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں