اطلاعات ونشریات کے سکریٹری سنجے جاجو نے آج زور دے کر کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کے بارے میں معلومات، وزارتِ اطلاعات ونشریات کے تحت، میڈیا یونٹوں کے ذریعے عوام تک صحیح طرح پہنچ رہی ہیں۔ وہ ناگپور میں وزارت کے تحت، میڈیا کے مختلف یونٹوں کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ منعقد کرنے کے بعد، آکاشوانی ناگپور سے خطاب کر رہے تھے۔سکریٹری نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کی جانکاری اور اِس کے بارے میں رائے دینے کا نظام، پورے ودربھ میں وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے چلایا جارہاہے۔
جناب جاجو نے کہا کہ ودربھ میں نہ صرف آکاشوانی اور دوردرشن بلکہ اَمراوتی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونی کیشن IIMC بھی اِس خطے میں، معلومات بہم پہنچانے کی خدمات انجام دے رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اطلاعات ونشریات کی وزارت کے میڈیا یونٹوں نے بھی سووچھ ابھیان اور ایک پیڑ ماں کے نام جیسے اقدامات میں سرگرمی سے حصہ لیا ہے۔ جائزہ میٹنگ کے بعد سکریٹری نے آکاشوانی ناگپور کے اسٹوڈیوز اور دیگر جگہوں کا معائنہ کیا ہے۔