اشیائے خورد و نوش بالخصوص سبزیوں اور تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ملک میں تھوک اشیا پر مبنی افراطِ زر کی شرح لگاتار چوتھے مہینے جون میں بڑھ کر تین اعشاریہ تین چھ فیصد ہوگئی ہے۔ مئی میں تھوک اشیا کی قیمتوں کے اشاریے WPI پر مبنی افراطِ زر کی شرح دو اعشاریہ چھ ایک فیصد ہوگئی ہے، جو جون 2023 میں منفی چار اعشاریہ ایک آٹھ فیصد تھی۔
اعداد وشمار کے مطابق اشیائے خوردنی کی افراطِ زر کی شرح میں، مئی میں 9 اعشاریہ آٹھ دو فیصد کے مقابلے، جون میں 10 اعشاریہ آٹھ سات فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ وہیں سبزیوں کی افراطِ زر کی شرح میں، مئی میں 32 اعشاریہ چار دو فیصد کے مقابلے، جون کے دوران 38 اعشاریہ سات چھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اس ماہ کے جائزے کے مطابق پیاز کی افراطِ زر کی شرح 93 اعشاریہ تین پانچ جبکہ آلو کی افراطِ زر کی شرح 66 اعشاریہ تین سات فیصد ہے۔
دالوں کی افراطِ زر کی شرح میں، جون میں 21 اعشاریہ چھ چار فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایندھن اور توانائی کے شعبے میں افراطِ زر کی شرح مئی میں ایک اعشاریہ تین پانچ فیصد کی شرح کے مقابلے معمولی کمی کے ساتھ ایک اعشاریہ صفر تین فیصد ہوگئی ہے۔
Site Admin | July 15, 2024 9:59 PM