سمندری طوفان Fengal کے بعد پڈوچیری اور اُس کے نواحی علاقوں میں زندگی اب بھی متاثر ہے۔ محکمہئ موسمیات نے کل صبح سے آج صبح تک پڈوچیری میں 48 اعشاریہ تین- سات سینٹی میٹر بارش کی خبر دی ہے، جو تین دہائیوں میں 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔ اگرچہ بارش کا زور آج سہ پہر کم ہوگیا لیکن کبھی کبھی ہلکی بارش اور اوسط رفتار کی ہوائیں اب بھی بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں۔ محکمہئ موسمیات کے تازہ ترین الرٹ کے مطابق سمندری طوفان Fengal کمزور ہوکر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ یہ شمالی ساحلی تمل ناڈو اور پڈوچیری کے اوپر مرکوز ہے اور اِس کے رفتہ رفتہ مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ اگلے بارہ گھنٹے میں یہ مزید کمزور ہوجائے گا۔
پڈوچیری کے بہت سے علاقوں میں اب بھی بہت زیادہ پانی بھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں باشندے اپنے گھروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔ فوج کی چنئیGarrrison بٹالین اور آفات سے نمٹنے والی قومی فورس NDRF متاثرہ لوگوں کو نکال رہی ہیں۔ بے گھر ہونے والے لوگوں کو پناہ دینے کی غرض سے پڈوچیری میں تقریباً 120 امدادی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ حکومت نے کل پڈوچیری میں تمام اسکولوں اور کالجوں کیلئے چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ سمندری طوفان Fengal کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے کو کافی نقصان ہوا ہے۔ درختوں کے گرنے کی وجہ سے بجلی اور انٹرنیٹ خدمات میں خلل پڑا ہے۔ کل شام سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہے، جو زیادہ تر علاقوں میں ابھی تک بحال نہیں ہوسکی ہے۔
بھارت کے محکمہئ موسمیات نے تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کیلئے آج ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اُس نے کیرالہ اور پڈوچیری کیلئے کل بھی ریڈ الرٹ جاری کیا ہے کیونکہ انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی کرناٹک کے اندرونی علاقوں میں بھی کل بہت شدید بارش ہوسکتی ہے۔
Site Admin | December 1, 2024 9:25 PM