وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ اشیاء اور خدمات ٹیکس GST کونسل نے وزراء کے دو اہم گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ایک گروپ کا تعلق طبی اور زندگی بیمہ کے بارے میں شرح کو معقول بنانے سے متعلق ہے جبکہ دوسرے گروپ کا تعلق معاوضے سے متعلق محصول کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نومبر میں GST کونسل کی آئندہ میٹنگ میں صحت اور زندگی بیمہ سے متعلق وزراء کا نیا گروپ اکتوبر کے آخر تک اپنی رپورٹ پیش کردے گا۔ وزراء کا گروپ بزرگ شہریوں، لائف انشورنس، گروپ انشورنس اور Term لائف انشورنس کیلئے معاملات سے متعلق انشورنس پر تبادلہ خیال کرے گا۔
کل نئی دلّی میں GSTکونسل کی 54ویں میٹنگ ہوئی تھی جس میں کونسل نے کینسر سے متعلق دواؤں پر GST میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اِن دواؤں پر 12 فیصد کے بجائے 5 فیصد کی شرح سے ٹیکس لگے گا۔
وزیرخزانہ نے اعلان کیا کہ تحقیق وترقی کیلئے فراہم کیاگیا کوئی بھی فنڈ GST سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ یونیورسٹیوں کیلئے تحقیق وترقی کے فنڈ کو مستثنیٰ رکھنے پر بھی اتفاق رائے سے سمجھوتہ طے پایاہے۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاروں کے ذریعے قائم یونیورسٹیوں میں تحقیق کیلئے دیئے جانے والے فنڈس کو اور اُن شخصیات کو، جنھوں نے انکم ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کیا ہے، GST سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔