اسرائیل کے ایک فضائی حملے نے آج صبح سویرے لبنان کے شمالی طرابلس کو نشانہ بنایا۔ یہ پہلا موقع ہے جب یہ شہر اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران متاثر ہوا ہے۔ طرابلس شہر پر یہ حملہ، بیروت کے مضافاتی علاقوں میں سلسلے وار بمباری کے بعد ہوا ہے۔ اسرائیلی فورسز جنوبی لبنان میں نئے زمینی حملے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ خطے میں بڑھتے تنازع کے دوران حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ اسرائیل نے لبنان پر اپنے فضائی حملے تیز کر دیئے ہیں اور اس نے اسرائیل-لبنان سرحد سے باہر اپنی فوجی کارروائیوں کو وسعت دی ہے جہاں وہ حزب اللہ کے ساتھ برسرکار پیکار ہے۔ حالیہ بمباری نے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کے حملے کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر متعدد محاذوں پر اپنی کارروائیاں تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس میں ایران کے گزشتہ ہفتے کے بڑے پیمانے پر بیلسٹک میزائل حملے کے خلاف اہم اور سنگین نوعیت کی جوابی کارروائی بھی شامل ہے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ اِس ہفتے کے شروع میں ایران پر جوابی حملے کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ایک اور پیش رفت میں امریکی سینٹرل کمانڈ فورسز نے یمن کے حوثی کے زیر کنٹرول علاقوں میں ایرانی حمایت یافتہ اُس کے 15 ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیئے ہیں۔
آج سہ پہر کیے گئے اِن حملوں میں حوثی فوج کی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ CENTCOM نے کہا کہ امریکی فورسز کی یہ کارروائیاں امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں اور تجارتی جہازوں کے بحری سفر کی آزادی اور بین الاقوامی سمندر کے محفوظ رہنے کو یقینی بنانے کے لئے انجام دی گئیں۔
Site Admin | October 5, 2024 9:36 PM