اسرائیل میں کَل سے ہزاروں لوگ ریلیاں اور احتجاج کررہے ہیں۔ اُن کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو اُن افراد کی واپسی کیلئے حماس کے ساتھ جنگ بندی نافذ کریں، جنہیں غزہ میں یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے چھ یرغمال افراد کی لاشیں ملنے کے اعلان کے بعد سے وہاں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ رات بھر مظاہرے ہوتے رہے۔ تل ابیب میں اسرائیلی دفاعی افواج کے ہیڈکوارٹرس کے باہر بھی مظاہرہ کیا گیا۔ کئی لوگ یرغمال بنائے گئے افراد کی تصویروں کے ساتھ پوسٹر لئے ہوئے تھے، جنہیں پچھلے سال سات اکتوبر کو اسرائیل میں حماس کے اچانک حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق احتجاج کرنے والے مظاہرین کے ساتھ یگانگت کے اظہار کے طور پر پورے اسرائیل میں سنیما ہال، تھیٹر، میوزیم، یونیورسٹیاں، ریستوراں، کیفے اور دیگر کاروباری ادارے بند ہیں۔ اُدھر لیبر رہنماؤں نے آج ایک دن کی عام ہڑتال کا نعرہ دیا ہے۔
Site Admin | September 2, 2024 2:37 PM