September 17, 2024 9:32 PM

printer

اروند کجریوال نے دلّی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی لیڈر آتشی نے سرکار تشکیل دینے کیلئے دعویٰ پیش کیا ہے

عام آدمی پارٹی نے آج اعلان کیا کہ سینئر پارٹی لیڈر آتشی، دلّی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ اُنہیں نئی دلّی میں پارٹی کی MLAs کی میٹنگ کی دوران AAP قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد اعلان کرتے ہوئے دلّی سرکار میں وزیر گوپال رائے نے کہا کہ عام آدمی پارٹی دلّی میں اسمبلی انتخابات اِس سال اکتوبر-نومبر میں کرانا چاہتی تھی۔ جناب رائے نے BJP پر عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کرنے کا الزام لگایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نامزد وزیر اعلیٰ آتشی نے پارٹی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جافشانی سے کام کرنا اور اسکیموں کو عوام کیلئے جاری رکھیں گی۔
اِسی دوران، دلّی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جناب کجریوال نے دلّی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے آج شام ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ سپریم کورٹ نے آبکاری پالیسی گھپلے سے تعلق رکھنے والے بدعنوانی کے ایک معاملے میں دلّی کے وزیراعلیٰ کو جمعہ کے روز ضمانت دی تھی۔ جیل سے باہر آنے کے بعد اتوار کو وزیر اعلیٰ کجریوال نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ دوسری جانب BJP نے یہ کہتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی سرزنش کی کہ چہرہ بدلنے سے پارٹی کا کردار نہیں بدلے گا۔ دلّی BJP کے سربراہ وریندر سچدیوا نے میڈیا کو بتایا کہ عام آدمی پارٹی بدعنوانی میں ملوث ہے اور اُسے جناب کجریوال کی قیادت میں پچھلے 10 سالوں کی بدعنوانی کا جواب دینا ہوگا۔
اِسی دوران، عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر آتشی نے آج شام لیفٹیننٹ گورنر سکسینہ سے ملاقات کی اور سرکار تشکیل دینے کا دعویٰ پیش کیا۔ عام آدمی پارٹی نے اِس سے قبل اعلان کیا تھا کہ آتشی دلّی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں