اترپردیش کے گونڈہ ضلع میں آج سہ پہر ایک ریل حادثے میں کم از کم 2 افراد کی جانیں تلف ہوئی ہیں اور 20 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ چنڈی گڑھ-ڈبرو گڑھ ایکسپریس کے انجن کو چھوڑ کر کُل 23 ڈبوں میں سے 21 ڈبے مانک پور اسٹیشن کے نزدیک گونڈہ-گورکھپور کے درمیان ایک حادثے میں پٹری سے اُتر گئے۔
ریلوے کی وزارت نے گونڈہ ریل گاڑی کے پٹری سے اترنے کے واقعے کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ یہ انکوائری ریلوے سیفٹی کے کمشنر کی انکوائری سے الگ ہوگی۔ وزارت نے مہلوکین کے اہل خانہ کیلئے دس-دس لاکھ روپئے اور بہت زیادہ زخمی افراد کیلئے ڈھائی-ڈھائی لاکھ روپئے اور اُن افراد کیلئے پچاس-پچاس ہزار روپئے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے جنھیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
NDRF اور SDRF کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور امداد اور راحت کا کام اب تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔ شمال مشرقی ریلوے کے CPRO نے آکاشوانی کے خبروں کے شعبے کو بتایا کہ چنڈی گڑھ-ڈبرو گڑھ ایکسپریس کے سبھی مسافروں کو بسوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے مانک پور اسٹیشن پہنچا دیا گیا ہے۔ ایک خصوصی ٹرین اُن کی متعلقہ منزلوں کیلئے جلد ہی چلائی جائے گی۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں کا شبہ ہے کہ LOCO پائلٹ نے گاڑی کے پٹری سے اترنے سے قبل ایک تیز آواز سنی تھی۔
اترپردیش کے راحت کمشنر نے اطلاع دی ہے کہ ڈبوں کے بیچ میں اب کوئی پھنسا ہوا نہیں ہے۔ صرف ریل کی پٹری سے صفائی اور اسے بحال کئے جانے کا کام باقی ہے جسے جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں۔ لکھنو کیلئے یہ نمبر ہیآٹھ نو، پانچ سات، چار صفر، نو دو، نو دو۔اور گونڈہ کیلئے نمبر ہے:آٹھ نو، پانچ سات، چار صفر صفر، نو چھ پانچ
Site Admin | July 18, 2024 10:14 PM